>
جامعہ دارالعلوم کراچی کا ترجمان ماہنامہ البلاغ اردو
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالتصنیف کی طرف سے اردو زبان میں علمی، ادبی، تحقیقی اور تاریخی مضامین پر مشتمل یہ ماہانہ رسالہ شائع کیاجاتاہے

آپ کا سوال( صفر المظفر 1442ھ)

ڈاکٹر محمد حسان اشرف عثمانی

ڈاکٹر محمد حسان اشرف عثمانی

آپ کا سوال

قارئین صرف ایسے سوالات ارسال فرمائیں جو عام دلچسپی رکھتے ہوں اور جن کاہماری زندگی سے تعلق ہو، مشہور اور اختلافی مسائل سے گریز فرمائیں …………………………(ادارہ)

سوال : ماہ محرم اور ماہ صفر میں شادی کرنا جائز ہے یا نہیں؟کیا اسلام میں ان مہینوںمیں شادی کرنا منع ہے؟
جواب : ان مہینوں میں شادی کرنا بلاشبہ جائز ہے ۔ شرعاً اس میں کسی قسم کی ممانعت نہیں ہے۔


سوال : ماہ صفر اور ماہ محرم ، یا ان کے علاوہ کوئی ایسا مہینہ ہے جس میں شادی کرنا جائز نہیں؟
جواب : محرم اور صفر میں یہ خیال کرنا کہ ان میں کی ہوئی منگنی اور نکاح کامیاب نہیں ہوں گے ، ازروئے شرع غلط ہے اور جاہلانہ تصور ہے ،کیونکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دنوں اور مہینوں میں نحوست سمجھنے کو غلط قرار دیکر اس کی نفی فرمائی ہے ، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بدشگونی ، الو اورصفر کی نحوست کی کوئی اصل نہیں ہے ۔


سوال : کیا اسلام میں سال کے بارہ مہینوں میںکوئی ایسا دن ہے جس میں میاں بیوی جماع نہیں کرسکتے؟
جواب : شرعاً سال کے بارہ مہینوں میں کسی دن بھی جماع کرنا منع نہیں ہے ، مگر یہ کہ میاں بیوی روزہ سے ہوں۔


سوال : ہمارے علاقے میں یہ عادت ہے کہ صفر کے مہینے کے آخری بدھ کو چُوری (یعنی روٹی کو چورا چورا کرکے خاص طریقے سے)بنائی جاتی ہے اور کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس مہینے میں بیمار ہوگئے تھے اور صحابیات سے اس (چُوری) کی خواہش کی تھی اور صحابیات نے چُوری بناکر صفر کے آخری بدھ کورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کی تھی ، اور اگر کوئی کسی کام کی غرض سے یہ چُورِی بنائے تو اس کا اگلے سال تک وہ کام پورا ہوجاتا ہے ۔
جواب : اسلام میں صفر کے مہینے کی آخری بدھ کی کوئی دینی امتیازی خصوصیت نہیں ہے ، سوال میں ذکر کردہ واقعہ بے اصل اور لوگوں کا گھڑا ہوا ہے ، لہٰذا مذکورہ عمل ثابت نہیں بلکہ بدعت ہے جو کہ ناجائز ہے اس سے اجتناب کرنا واجب ہے اور یہ عقیدہ رکھنا کہ "اگر کوئی کسی کام کی غرض سے یہ چُوری بنائے تو اس کے اگلے سال تک وہ کام پورا ہوجاتا ہے” قرآن وسنت سے ثابت نہیں ہے ۔(امداد السائلین ص ۱۸۱ج ۱)


سوال : آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان ایک نہر کا فاصلہ ہے اور دونوں کے کلینڈرمیں چارمنٹ کا فرق ہے اور آزاد کشمیر میں غروب آفتاب چار منٹ کے بعد ہوتا ہے، اب اگر کوئی آزاد کشمیر والا مقبوضہ کشمیر کی اذان پر روزہ افطار کرے جبکہ آزاد کشمیر میں ابھی چار منٹ باقی ہیں تو کیا اس کا روزہ ادا ہوگیا یا قضاء ہوگا؟
جواب : واضح رہے کہ قریب کے علاقوں کے کلینڈر میں زیادہ فرق نہیں ہوتا ، بلکہ شرقاً غرباً بیس کلومیٹر پر ایک منٹ کا فرق پڑتا ہے جبکہ مذکورہ صورت میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے کلینڈر میں چار منٹ کا فرق بتایا گیا ہے حالانکہ دونوں علاقوں کے درمیان صرف ایک نہر کا فاصلہ ہے اور اتنے کم فاصلے میں چار منٹ کا فرق ممکن نہیں ، لہذا دونوں جگہوں کا نقشہ دیکھنے کے بعد جواب دیا جاسکتا ہے ۔


سوال : داڑھی بچہ (ہونٹوں کے نیچے چھوٹی سی داڑھی ہوتی ہے)کو کاٹنے کا شرعاً کیا حکم ہے؟
جواب : ہونٹ کے بالکل نیچے جو متصل بال ہوتے ہیں جن کو "ریش بچہ”کہتے ہیں وہ داڑھی کا حصہ ہیں ان کو کاٹنا درست نہیں ہے ۔ البتہ کوئی بال منہ میں آرہا ہو تو اسے کاٹ سکتے ہیں ۔(الفتاویٰ الھندیہ:۵:۳۵۸)


سوال : ” الیس اللہ باحکم الحٰکمین”جیسی آیتوں کے جواب میں نماز کے اندر ــ”بلٰی”کہنا کیسا ہے؟
جواب : حضرات فقہاء احناف ؒ کے نزدیک مذکورہ آیت یا اس جیسی دوسری آیات سننے کے بعد مقتدی کے لئے زبان سے "بلٰی” کہنا ٹھیک نہیں ہے ، البتہ حضرات شوافع ؒ اور حنابلہ ؒ کے نزدیک اس کی گنجائش ہے۔(الفتاوی الھندیہ : ۱:۱۰۰)


سوال : صدقۂ نافلہ اور ہدیہ میں کیا فرق ہے ؟
جواب : صدقہ میں اصل مقصد ثواب حاصل کرنا ہوتا ہے جبکہ ہدیہ سے مقصود مُہدیٰ الیہ (جس کو ہدیہ دیا جاتا ہے اس) کو خوش کرنا ہوتا ہے ، تاہم دونوں میں بنیادی فقہی فرق یہ ہے کہ صدقہ میں رجوع نہیں ہوسکتا جبکہ ہدیہ کی بعض صورتوں میں رجوع ہوسکتا ہے بعض میں نہیں ، باقی دونوں کی شرائط ایک جیسی ہیں ، یعنی کسی چیز کے ہبہ کرنے کے لئے جو شرائط اور لوازمات ہیں وہی صدقہ کے لئے بھی ہیں ۔(بدائع الصنائع : ۶ : ۱۱۵)


سوال : بنوہاشم کے لئے صدقہ واجبہ لینا حرام ہے یا مکروہ؟اور کیا ہدیہ کا بھی یہی حکم ہے ؟
جواب : بنو ہاشم کے لئے صدقہ واجبہ لینا حرام ہے اور ہدیہ لینا جائز اور حلال ہے بلکہ انہیں ہدیہ دے کر ان کی مالی امداد کرنا مستحسن اور اجر کا باعث ہے ۔(الفتاوی الہندیہ : ۱: ۱۸۹)

٭٭٭٭٭٭

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More