بسم اللہ الرحمن الرحیم
دارالعلوم کراچی ۔ شاخ نانک واڑہ
دارالعلوم کراچی شاخ نانک واڑہ،جامعہ دارالعلوم کراچی کی خشتِ اوّل ہے جو گیارہ ہزار تین سو چہتر(۱۱۳۷۶) اسکوائرفٹ کے ایک پلاٹ پر قائم ہے۔جو کراچی کے جنوب مغرب کی گنجان آبادی والے علاقے محلہ نانک واڑہ میں واقع ہے۔جہاں کسی زمانہ میں لڑکیوں کا اسکول ہوا کرتا تھا،اس وقت یہ ایک خستہ حال بو سیدہ عمارت تھی۔
۱۳۷۰ھ مطابق ۱۹۵۱ء میں مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانامفتی محمد شفیع صاحب نور اللہ مرقدہ نے یہاں باقاعدہ دارالعلوم قائم فرمایا۔ حضرت کے اخلاص و للّہیت اور جذبہ صاق کی برکت تھی کہ چند ہی سال میں ملک بھر کے علاقوں سے بلکہ بلاد ِ غیر سے بھی طلباء دین نے رجوع کیا اور جگہ کی قلت ہونے لگی۔اللہ تعالی نے اپنے فضل وکرم سے اس وقت کے دور افتادہ کورنگی کے علاقہ میں ۵۶ /ایکڑ زمین دارالعلوم کے لیے عطا فرما دی،اور ۱۹۵۷ء میں جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی منتقل ہو گیا۔اور نانک واڑہ میںحفظ وناظرہ اور تجو یدو قرات کے شعبے باقی رہ گئے۔
اب کچھ عرصہ سے یہاں دارالافتاء بھی قائم ہے جودینی مسائل میں رہنما ئی کر رہا ہے تقریباً ایک سو ستر (۷۰ٍ۱) طلبہ زیر تعلیم ہیں جس میں سے فی الحال تیس(۳۰) طلبہ مقیم ہیں۔ جگہ کی تنگی اور عمارت کی خستہ حالی کیوجہ سے جدید تعمیر کی شدید ضرورت تھی جس کے لیے بفضلہ تعالی پانچ منزلہ عالیشان عمارت زیر تعمیر ہے اور اِس کا دو تہائی حصّہ مکمل ہو چکا ہے جسمیں قرآن کریم اور درسِ نظامی کی در سگا ہوں کے علاوہ پچاس طلبہ کے لیے بہترین دارالطلبہ اور دارالافتاء وغیرہ شامل ہے۔البتہ مسجد اور اساتذہ کے مکانات کے علاوہ مطبخ کی جدید تعمیر باقی ہے۔باری تعالی سے دعا ہے کہ محض اپنے فضل وکرم سے مدرسہ کے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا دے۔اور تعمیر شدہ عمارت پر چڑھے ہوئے قرضہ کی سہولت سے ادائیگی کا انتظام فرما دے۔
امین۔یارب العلمین