ابتدائیہ وثانویہ اسکول
مدرسہ ابتدائیہ (پرائمری اسکول)
۱۰شوال ۱۳۸۴ھ کوجامعہ دارالعلوم کراچی کے احاطہ میں مدرسہ ابتدائیہ (پرائمری اسکول) کا آغاز کیا گیا تھا، مدرسہ ابتدائیہ محکمۂ تعلیم کا منظور شدہ ہے اور اس کے سرٹیفکیٹ پورے پاکستان میں واجب القبول ہیں، بورڈ کی طرف سے اس کامتحان لیا جاتاہے اور معیارِ تعلیم کی بلندی کی وجہ سے امتیازی نتیجہ آتاہے، اس شعبہ میں بچوں کو عصری مضامین کے ساتھ معیاری دینی تعلیم سے بھی آراستہ کیا جاتاہے تاکہ وہ بنیادی ضروریاتِ دین سے آگاہی حاصل کرسکیں، اس مرحلہ کے نصاب میں اسلامی عقائد، عبادات، معاملات، آداب معاشرت اور اخلاق کو شامل کیا گیاہے، تاکہ یہاں سے نکلنے والے بچے اگر مزید تعلیم جاری نہ رکھ سکیں یا دیگر سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل ہوجائیں تو دین کی بنیادی تعلیم و تربیت میں راسخ ہوچکے ہوں۔
مدرسہ ثانویہ (سیکنڈری اسکول)
مدرسہ ابتدائیہ کے کامیاب تجربہ کے بعد اب بحمد للہ مدرسہ ثانویہ (سیکنڈری اسکول) کا بھی آغاز کردیاگیاہے، اس میں سائنس اور فنون دونوں طرح کی تعلیم کا معیاری انتظام ہے۔ سائنسی تعلیم کے لئے معیاری تجربہ گاہ (لیبارٹری) کی سہولت میسر ہے اور ابتدائیہ کی طرح ثانویہ کی سطح پر بھی سرکاری نصاب کے علاوہ دینیات کی بھی معیاری تعلیم وتربیت کو شاملِ نصاب کیا گیا ہے، جیسے جیسے وسائل مہیا ہوں گے اس سلسلہ کو کلیہ (کالج) کی سطح پر ترقی دے دی جائے گی۔ انشاء اﷲ العزیز۔