ماہنامہ البلاغ کراچی
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالتصنیف کی طرف سے اردو زبان میں علمی، ادبی، تحقیقی اور تاریخی مضامین پر مشتمل یہ ماہوار رسالہ شائع کیاجاتاہے۔ اس کے مضامین اپنے تنوع، تحقیق اور معلومات کے اعتبار سے بلند پایہ ہوتے ہیں۔ نیز بہترین اور جدید اسلوب نگارش کے ذریعہ نئی نسل تک دلکش انداز سے اسلام کا پیغام پہنچانا اور اسلامی اقدار کے فروغ میں حصہ لینا اس رسالہ کا مقصد اولین ہے۔ اس کے علمی، تحقیقی، اصلاحی اور تبلیغی مضامین نے ہماری تاریخ کے ہر موڑ پر فکری رہنمائی کا فریضہ سلف صالحین کے طریقے پر انجام دیاہے۔ اسی سبب سے الحمدللہ یہ رسالہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونی ممالک میں بھی مقبول ہے۔ خاص طور پر رسالے کا اداریہ جو مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے قلم سے وقت کے فکر انگیز موضوعات پر مشتمل ہوتاہے۔ بڑے ذوق و شوق سے پڑھا جاتاہے۔ یہپرچہ پاکستان کی صحافتی اقدار میں بھی بلندمقام کا حامل ہے۔ اس کے ذریعے اسلام اور پاکستان کا پیغام دنیا کے چپے چپے پر پھیل رہاہے اور پچپن سال سے ہر ماہ پابندی سے شائع ہوتاہے۔ اس رسالہ کے مفتی اعظم نمبر، عارفی نمبر، مولاناسبحان محمود نمبر اور مولاناعاشق الہٰی نمبرنے بطور خاص علمی دنیا سے خراج عقیدت حاصل کیا ہے۔والحمدللّٰہ علیٰ ذلک۔
البلاغ انٹرنیشنل (انگریزی)
پچھلے دوسو سالہ برطانوی استعمار کی وجہ سے دنیا کے بڑے حصے پر انگریزی تہذیب و تمدن کی چھاپ ہے اور انگریزی زبان مسلم وغیر مسلم ممالک میں نہ صرف بولی جاتی ہے بلکہ ہماری شامتِ اعمال کے نتیجے میں اب تک پاکستان میں بھی اس کو سرکاری زبان کی حیثیت حاصل ہے۔ یہ بھی اس دور کا المیہ ہے کہ مختلف ممالک کے مسلمانوں کے درمیان رابطہ کا ذریعہ اب عربی کے بجائے انگریزی زبان بن گئی ہے۔ نو تعلیم یافتہ طبقہ ہر طرح کی معلومات کے حصول کے لئے بھی اسی زبان کے ادب اور مطبوعات کی طرف رجوع کرتاہے۔ انگریزی ادب میں اسلام سے متعلق زیادہ تر مواد مغربی مستشرقین کا تیار کردہ ہے جس میں اسلام کی حقیقی معلومات فراہم کرنے کے بجائے دینِ حنیف کو مکروہ شکل میں پیش کیا گیاہے۔
اس صورت حال کی اصلاح کے لئے مختلف افراد اور اداروں کی طرف سے بحمداللہ مثبت کام ہورہاہے اور جگہ جگہ دین حنیف کی حقیقی تعلیمات کو اُجاگر کرنے لئے اب انگریزی زبان میں بھی معتدبہ معلومات دستیاب ہونے لگی ہیں۔
جامعہ دارالعلوم کراچی میں بھی عرصہ سے اس میدان میں کام ہورہاہے اور البلاغ انٹرنیشنل کا اجراء اسی کوشش کی ایک کڑی ہے۔ حضرت مولانا مفتی محمد تقی صاحب عثمانی دامت برکاتہم کے زیرادارت انگریزی ادب کا یہ معیاری ماہنامہ بیس سال سے سرگرم عمل ہے۔ اس پرچہ نے اپنے وقیع علمی و دینی مضامین اور تحقیقی مقالات سے صحافت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیاہے۔ بانی جامعہ دارالعلوم کراچی حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی شاہکار تصنیف ’’تفسیر معارف القرآن‘‘ کا انگریزی ترجمہ بھی اس میں سلسلہ وار شائع ہورہاہے۔ ملک و بیرون ملک دلچسپی سے پڑھاجاتاہے اور بحمداللہ اس کا حلقۂ اثر تیزی سے وسیع ہورہاہے۔
البلاغ عربی
عرصے سے اس کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ البلاغ عربی میں بھی شائع ہو اس لئے اب کچھ عرصے سے البلاغ عربی میں بھی شائع ہونے لگا ہے، اس میں بھی اہم مضامین ہوتے ہیں یہ فی الحال سہ ماہی ہے، آئندہ انشاء اﷲ یہ بھی ماہنامہ ہوجائے گا۔