بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
۲۶ اگست ۲۰۲۶ / ۱۲ ربیع الاول ۱۴۴۸ ھ

مکتبہ جامعہ دارالعلوم

مکتبہ جامعہ دارالعلوم

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب قدس سرہ ، دین کی ہمہ جہتی خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی صاحب قدس سرہ کے خلیفہ مجاز بھی تھے۔ حضرت حکیم الامت قدس سرہ کی وفات کے بعد۱۳۶۳ھ میں حضرت مفتی اعظم قدس سرہ نے چند مخلص احباب کی معیت سے دیوبند میں ’’اشرف العلوم‘‘ کے نام سے ایک کتب خانہ قائم کیا، تاکہ حضرت حکیم الامت قدس سرہ کی تصانیف وہاں سے شائع ہو سکیں۔ الحمد للہ یہ سلسلہ وہاں چار سال تک قائم رہا اور حضرت حکیم الامت رحمہ اللہ کی چھوٹی بڑی تصانیف کی خاصی تعداد وہاں سے شائع ہوئی۔

پاکستان بننے کے بعد حضرت مفتی اعظم قدس سرہ ، کتب خانہ ’’اشرف العلوم‘‘ کو دیوبند ہی میں چھوڑ کر ۲۰؍ جمادی الاولی ۱۳۶۷ھ بمطابق یکم مئی ۱۹۴۸ء کو پاکستان تشریف لے آئے ، کتب خانہ ’’اشرف العلوم‘‘ کے اکثر حصہ کو دو سال کی طویل مشقت کے بعد کراچی منتقل کیا گیا ، حضرت مفتی اعظم  رحمۃ اللہ علیہ  اس کتب خانہ کی براہ راست نگرانی فرماتے رہے۔

۱۳۸۵ھ بمطابق ۱۹۶۴ء کو مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب قدس سرہ نے صدقہ جاریہ کے طور پر کتب خانہ ’’اشرف العلوم‘‘ کو جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ نشر و اشاعت کے لیے وقف فرما دیا۔ حضرت مفتی اعظم قدس سرہ کتب خانہ’’اشرف العلوم‘‘ کے کلی مختار تھے ، تاہم احتیاطاً دوسرے موجود شرکاء سے بھی اجازت حاصل کی۔ آپ نے کتب خانہ’’اشرف العلوم‘‘ کا نام بدل کر ’’مکتبہ دارالعلوم کراچی‘‘ رکھا اور اپنے قلم سے وقف نامہ تحریر فرمایا ، جس میں وقف کی مکمل شرائط کے ساتھ ساتھ اس  کتب خانے کے پس منظر اور آئندہ کے لیے مقاصد کو بھی واضح فرما دیا۔

 حضرت مفتی اعظم قدس سرہ وقف نامہ کی شرائط (۲ ،۴ ) میں تحریر فرماتے ہیں

(۲) اس مکتبہ کی موجودہ کتابیں اور جو آئندہ طبع ہوں ، ان کا مقصد شعائر دین کا احیاء اور قرآن و سنت کے خلاف مغالطوں کا ازالہ اور مسلمانوں کو صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنا ہے۔

(۴) ایسی کتابوں کی اشاعت کو ضروری سمجھا جائے ، جن کی اشاعت بتقاضائے وقت مسلمانوں کے لیے ضروری ہو۔‘‘

۱۳۹۰ھ /۱۳۹۱ھ بمطابق ۱۹۷۱ء میں حضرت مفتی اعظم قدس سرہ نے چند مزید کتب مکتبہ دارالعلوم کراچی کے لیے عطیہ فرمائیں اور تتمہ وقف نامہ تحریر فرمایا۔ یوں الحمد للہ مکتبہ دارالعلوم کراچی کو حضرت مفتی اعظم قدس سرہ کی برکت سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی۔

واٹس ایپ نمبر : 00923196588892

حالیہ تبصرے