درس نظامی بنات(لڑکیوں کیلئے)

درسِ نظامی بنات دینی علوم کا ایک بہترین ذخیرہ ہے جس میں تفسیر،حدیث، فقہ اور عربی ادب کے اسباق مدلل پڑھائے جاتے ہیں اس علم کو حاصل کرنے والی طالبہ علوم دینیہ میں پختہ اور راسخ العقیدہ ہوتی ہے۔ درسِ نظامی مکمل کرنے والی فاضلہ مساوی ایم اے ہوتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ تجربہ کار معلمات، طالبات کی دینی تربیت اور امور خانہ داری میں سلیقہ مندی کے حصول کیلئے کوشاں رہتی ہیں،جن اوصاف سے متصف ہونا مسلم خاتون کیلئے بیحد ضروری ہے۔درس نظامی اور دراسات دینیہ میں کل نو معلمات تدریس کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں، درس نظامی کی اہم اور بڑی کتابیں مرد اساتذہ کرام پس پردہ پڑھاتے ہیں۔
درس نظامی اور دراسات دینیہ میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نصاب کے مطابق تعلیم دی جارہی ہے اور امتحانات بھی وفاق کی طرف سے منعقد ہوتے ہیں۔
درس نظامی بنات کی تعلیم کا کل دورانیہ چھ سال کا ہوتا ہے۔یہ نصاب دو دو سال پر مشتمل تین مراحل کی شکل میں ہے، ثانویہ خاصہ، عالیہ اور عالمیہ۔
۱۔ثانویہ خاصہ(Intermediate Stage) ۲سال
۲۔عالیہ(Graduation Stage) ۲سال
۳۔عالمیہ(Post Graduation Stage) ۲سال

شرائطِ داخلہ:

۱- درسِ نظامی کیلئے میٹرک پاس ہونا ضروری ہے۔
۲- قرآن کریم ناظرہ باتجوید مکمل پڑھا ہوا ہو۔
۳- امتحان (ناظرہ: قرآن کریم، تحریری ٹیسٹ : اردو، ریاضی، انگریزی) میں کامیابی
۴- کلمے، نماز، مسنون دعائیں حفظ یاد ہوں۔
۵- جامعہ دار العلوم کراچی کے قابل اعتماد کی ضمانت بھی ہو۔

ضوابط :

دورانِ تعلیم طالبات کو مذکورہ امور کی پابندی کرنی ہوگی۔
(۱) اپنی وضع قرآن و سنت کے مطابق بنائیں گی۔
(۲) نماز بر وقت پابندی سے ادا کریں گی۔
(۳) شرعی پردہ کا اہتمام کریں گی۔
(۴) مدرسہ میں غیر حاضری کی صورت میں نگران معلمہ کو بروقت اطلاع دیں گی۔
(۵) دورانِ تعلیم ناظم صاحب کی اجازت کے بغیر عصری علوم یا پرائیویٹ امتحان میں شرکت نہیں کریں گی۔
(۶) معلمہ کو واجبات المدرسیۃ (ہوم ورک)پابندی سے چیک کروائیں گی اور روزانہ سبق یاد کریں گی۔
(۷) مدرسہ کے اوقات کے مطابق محرم رشتہ دار کے ساتھ آئیں گی، نا محرم رشتہ دار کے ساتھ آمد و رفت کی اجازت نہیں۔
(۸) طالبہ کی تعلیم و رخصت سے متعلق کسی قسم کا رابطہ یا معلومات صرف محرم رشتہ دار کرسکتے ہیں، دیگر سے معذرت کیجائے گی۔
(۹) طالبات سے کسی قسم کی فیس نہیں لی جاتی ہے۔
(۱۰) مدرسہ میں موبائل لے کر نہیں آئیں گی۔
(۱۱) منتظمین مدرسہ کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں دیں گی۔

درسِ نظامی و دراسات کا یونیفارم :

(۱) سفید قمیص، شلوار اور سفید دوپٹہ ہے۔(یونیفارم کے کپڑے سے جسم نہ جھلکتا ہو)۔
(۲) یونیفارم پر کسی قسم کی کڑھائی اور لیس نہ ہو۔
(۳) قمیص کی لمبائی گھٹنے سے دو انچ لمبی ہو۔
(۴) آستین پوری ہو اور چاک بڑے نہ ہوں۔
(۵) یونیفارم میں شلوار شامل ہے، ٹراوزر یا پائجامہ شامل نہیں۔
(۶) سادی چپل یا جوتے استعمال کریں۔

طالبات کا برقعہ :

(۱) برقعہ کالے رنگ کا ہو۔
(۲) برقعہ پر کسی قسم کی کڑھائی یالیس نہ ہو۔
(۳) برقعہ ڈھیلا اور ٹخنوںتک ہو۔
(۴) طالبات دستانے اور موزے بھی استعمال کریں۔
(۵) پردے کیلئے طالبات حجاب استعمال کریں۔

تعلیمی دورانیہ و تعطیلات :

جامعہ دارالعلوم کراچی میں تعلیمی دورانیہ ۱۶ شوال تا ۱۵ شعبان ہے، دورانِ سال ہفت روزہ تعطیل صرف جمعہ کے دن ہوتی ہے، بقیہ ایام میں تعلیم کا کام تسلسل کے ساتھ جاری رہتا ہے اور یومیہ چھ گھنٹے کے اسباق ہر طالبات کے لئے ضروری ہیں،صبح 7:45بجے سے 2:00 بجے تک تعلیم اوقات ہے، 2:00بجے کے بعد کسی طالبہ کو مدرسہ میں رکنے کی اجازت نہیں ہے۔ ، سالانہ تعطیلات کا زمانہ عموماً۱۰؍ شعبان سے ۷ شوال تک ہے، جبکہ عید الاضحی کے موقع پر بھی ۹ دن کی تعطیل ہوتی ہے۔

امتحانات :

تعلیمی سال کے دوران تین امتحانات لئے جاتے ہیں: عموماً سہماہی امتحان ماہِ صفر کے پہلے ہفتہ میں، ششماہی امتحان جمادی الاولیٰ کے پہلے ہفتہ میں اور سالانہ امتحان شعبان کے پہلے عشرے میں ہوتا ہے۔دورانِ سال سہ ماہی اور ششماہی امتحان جامعہ دار العلوم کراچی کے تحت ہوتا ہے جبکہ سالانہ امتحان وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ہوتا ہے جس کی باضابطہ سند دیجاتی ہے۔

منجانب: انتظامیہ مدرسۃ البنات جامعہ دار العلوم کراچی