شعبہ محافظین

یہ جامعہ دارالعلوم کراچی کا ایک اہم اور قدیم شعبہ ہے، جامعہ میں آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھنا نیز جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے تحفظ کو یقینی بنانا اس شعبے کی ذمہ داری میں داخل ہے۔ شروع میں اس میں افراد کم تھے، وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ ان میں اضافہ ہوتا رہا۔ آج کل جامعہ دارالعلوم کراچی مرکز کورنگی میں کل تیس محافظین کام کر رہے ہیں نیز چار محافظین جامعہ کی شاخ بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں اور چار ہی جامعہ کی شاخ دارالعلوم نانک واڑہ میں سیکورٹی پر مامور ہیں اس طرح تقریباً کل چالیس افراد کا عملہ اس شعبے سے وابستہ ہے۔ جامعہ دارالعلوم کراچی مرکز کورنگی کے آج کل تین گیٹ زیر استعمال ہیں دو جدید گیٹ ہیں جن میں سیکورٹی کے نقطہ نظر سے تقریباً تمام انتظامات موجود ہیں۔ یہاں ہر وقت محافظین باقاعدہ وردی اور دیگر ضروری سیکورٹی آلات کے ساتھ پوری طرح چوکنے ہو کر اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہیں۔ تیسرا گیٹ قدیم ہے جو صرف قبل اذان فجر سے بعد نماز عشاء ایک گھنٹہ تک کھلا رہتا ہے۔ یہاں بھی مذکورہ اوقات میں محافظ کی ڈیوٹی ہوتی ہے۔ مختلف تقریبات نیز جمعہ اور عیدین کے اجتماعات میں شعبہ محافظین اور زیادہ متحرک ہوجاتا ہے۔