دارالتصنیف

اس شعبہ میں علمی اور دینی موضوعات پر کتابوں کی تالیف اور ترجمہ کا اہتمام کیا جاتاہے۔ چنانچہ بفضلہ تعالیٰ اس شعبہ نے سادگی اور خاموشی کے ساتھ جو علمی اور تحقیقی کام کیاہے وہ بہت سی اکیڈیمیوں کے کام کے برابر ہے۔ اس شعبہ سے عربی، فارسی، اردو اور انگریزی میں اہم علمی کتابیں مرتب کی گئیں ہیں جن میں سے بیشتر جامعہ دارالعلوم کراچی کے دوسرے ذیلی شعبے مکتبۂ دارالعلوم کے ذریعہ شائع ہوچکی ہیں۔

شائع شدہ کتب میں صف اول کی تحقیقی اور علمی حیثیت کی کتابیں شامل ہیں جن میں سے چند کا ذکر کیا جاتاہے:
۱۔تفسیر معارف القرآن کا انگریزی ترجمہ
گذشتہ کئی سالوں سے قرآن کے متن اور تفسیر معارف القرآن کے انگریزی ترجمہ کا کام جاری تھا، یہ بہت نازک اور مشکل کام تھا جسے حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم کی براہ راست سربراہی میں ایک مجلس انجام دے رہی تھی جس میں جناب محمد ولی رازی صاحب اور جناب پروفیسر محمد شمیم صاحب(مرحوم) بھی شامل تھے، بحمداللہ یہ کام مکمل ہوگیاہے اور تفسیر معارف القرآن انگریزی ترجمہ کی آٹھ جلدیں طبع ہوکر شائع ہوچکی ہیں جسے یورپ اور امریکہ سمیت دنیا کے اہم ممالک میں قبولیت عامہ حاصل ہورہی ہے۔
۲۔فتح الملھم عربی
شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی رحمتہ اللہ علیہ کی صحیح مسلم کی یہ گرانمایہ علمی شرح حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم کی جزوی تعلیقات اور جناب مولانا نورالبشر صاحب کی تبویب و ترتیب کے ساتھ جدید عربی کمپوزنگ پر چھ جلدوں میں شائع ہوچکی ہے۔
۳۔ تکملہ فتح الملھم عربی
اصل فتح الملھم صرف کتاب النکاح تک تھی، کتاب الرضاع سے آخر کتاب تک حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم نے تکملہ فتح الملھم کے نام سے اس کی تکمیل کی۔ یہ کتاب بحمداللہ چھ جلدوں میںشائع ہوکر عالم اسلام سے خراج تحسین وصول کرچکی ہے۔ یہ شرح اہم علمی بحثوں بالخصوص معاملات کی جدید صورتوں سے متعلق سیر حاصل محققانہ مباحث پر مشتمل ہے۔ اور کتب حدیث کی قدیم و جدید شرحوں میں اپنی مثال آپ ہے۔
۴۔ درس ترمذی
اسی شعبہ میں مولانا رشیداشرف صاحب سیفی، حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم کی ’’درس ترمذی‘‘ کی ترتیب و تعلیق کا تحقیقی کام کررہے ہیں۔ جس کی تین جلدیں بحمداللہ طبع ہوچکی ہیں جبکہ ترمذی شریف کا حصۂ معاملات مولاناعبداللہ میمن صاحب کے قلم سے منضبط ہوکر ’’تقریر ترمذی‘‘ کے نام سے دوجلدوں میں شائع ہوگیاہے۔
۵۔ امدادالاحکام
حضرت مولانا ظفر احمدعثمانی ؒ اور مفتی عبدالکریم صاحب گمتھلویؒ کے قلم سے حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانویؒ کے زیرنگرانی جو فتاوی جاری ہوئے وہ رجسٹروں میں محفوظ تھے تبویب و ترتیب کے بعد امدادالاحکام کے نام سے وہ فتاویٰ چار جلدوں میں شائع ہوچکے ہیں۔
۶۔ جواہرالفقہ
یہ مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا محمد شفیع صاحب قدس سرہ کے فقہی اور علمی رسائل کا مجموعہ ہے سات جلدیں شائع ہوگئی ہیں۔
۷۔ اس شعبہ سے رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم کے محققانہ فقہی مقالات کا ایک مجموعہ ’’المقالات الفقھیۃ‘‘کے نام سے عربی میں شائع ہوچکا ہے۔ یہ مجموعہ درج ذیل مقالات پر مشتمل ہے:
۱۔ ضابطہ مفطرات الصوم فی المذاھب الفقھیۃ الأربعۃ
۲۔ مکانۃ الاجماع و حجیتہ ۳۔ الأخذ بالرخص
۴۔ بیع الوفاء
بائبل سے قرآن تک
دارالتصنیف کے اس شعبہ سے ’’بائبل سے قرآن تک‘‘ کے نام سے اظہار الحق کا ترجمہ تین جلدوں میں شائع ہواہے۔ جس پر حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم کے گرانمایہ علمی حواشی کتاب کی زینت ہیں۔
۹۔نوادر الفقہ
اسی شعبہ سے رئیس الجامعہ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب دامت برکاتہم کے علمی و تحقیقی فتاویٰ ’’نوادرالفقہ‘‘ کے نام سے اردو میں دو جلدوں طبع ہوچکے ہیں۔
۱۰۔ مولانا عبدالمعزصاحب کی کتاب اسلام اور موسیقی سمیت متعدد چھوٹے بڑے موضوعات پر اہم تحقیقی کام ہوئے ہیں اور ہورہے ہیں۔ نیز کئی کتابوں کے عربی تراجم بھی سامنے آچکے ہیں۔ اور کچھ پر کام جاری ہے۔ اس طرح اس شعبہ نے بھی علمی اور دینی میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ اوردے رہاہے۔