مطبخ

جامعہ دارالعلوم کراچی میں طلبہ کے لئے کھانا تیار کرنے کے لئے مطبخ کی ایک بڑی عمارت موجود ہے، جس میں آج کل ایک وقت میں تقریباً دوہزار افراد کا کھانا پکتاہے۔ اس عمارت میں کھانا پکانے کے لئے وسیع ہال اور مختلف اجناس کے لئے کمرے ہیں۔ جانور ذبح کرنے کا مستقل انتظام ہے اور جملہ انتظامات کے لئے دفاتر ہیں۔
طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جامعہ دارالعلوم کراچی میں اب ایک نیا مطبخ تعمیر ہورہا ہے، اس کی کل تین منزلیں ہیں۔ زمینی منزل، پہلی منزل اور دوسری منزل، زمینی منزل کھانا پکانے کی تیاری کے لئے جبکہ پہلی اور دوسری منزل کے درمیان میں کھانا پکانے کے لئے مطبخ (کچن) بنائے جارہے ہیں، ہر کچن کے شمال اور جنوب میں دو ہال بطور مطعم کے استعمال ہوں گے یعنی یہاں تمام طلبہ اجتماعی طور پر کھانا کھائیں گے۔ مطعم کے لئے چار ہال تعمیر کئے گئے ہیں۔ ہر ہال میں ایک ہزار طلبہ کی گنجائش رکھی گئی ہے، اس طرح چار ہالوں میں کل چار ہزار طلبہ بیک وقت کھانا کھاسکیں گے، دو اسٹور بنائے گئے ہیں ایک کولڈ اسٹوریج ہے دوسرا خشک اشیاء کے لئے ہے، عملہ کے لئے مختلف کمرے اور دفاتر بنائے گئے ہیں، درمیان میں عملے کے لئے ایک مسجد تعمیر کی جارہی ہے۔ دو عدد لفٹوں کی جگہ بھی رکھی گئی ہے، ایک لفٹ میں آٹھ آدمی کھڑے ہوسکتے ہیں معذورین کے لئے ایک ریمپ بھی بنایا گیا ہے، دارالفاروق دوسری منزل سے مطعم کی دوسری منزل میں جانے کے لئے ایک پل بھی تعمیر ہوچکا ہے، یہ پل دار الصدیق اور دارا الفاروق کے طلبہ استعمال کریں گے، دار عثمان اور دار علی کے طلبہ کے لئے ایک پل انشاء اﷲ دار علی سے بنایا جائے گا۔
اس مطبخ کا کل رقبہ 40000 مربع فٹ ہے۔ مطبخ کا فی الحال عملہ ۲۷ افراد پر مشتمل ہے، جدید مطبخ میں تقریباً چالیس افراد کی ضرورت ہوگی۔ تخمینہ لاگت تقریباً اٹھارہ کروڑ روپے ہے۔ حال ہی میں حضرت رئیس الجامعہ مدظلہم اور اکابر اساتذہ کرام اور معزز مہمانانِ گرامی کی موجودگی میں افتتاح کیا جاچکا ہے۔