مرحلہ متوسطہ(لڑکوں کیلئے)

مرحلہ متوسطہ کا تعلیمی دورانیہ پانچ سال کا ہے ۔ مرحلۂِ متوسطہ کے سالِ اوّل میں صرف ایسے درخواست گزاروں کو امتحانِ داخلہ میں شامل کیا جاتا ہے، جو پنجم جماعت تک ابتدائی تعلیم کی عمدہ استعداد رکھتے ہوں یا حافظ قرآن ہوں اور چہارم جماعت کے معیار پر ریاضی، اُردو اور انگریزی سے واقف ہوں۔
مرحلہ متوسطہ کے سال اول میں ۱۵ سال سے زائد عمر کے امیدوارکو داخلہ نہ مل سکے گا الا یہ کہ وہ امیدوار حافظ قرآن یا میٹرک پاس ہو یا دارالعلوم کے شعبہ ’’مدرسہ ابتدائیہ و ثانویہ‘‘ سے فارغ شدہ ہو تو اس کے لئے ان درجات میں ۱۸ سال کی عمر تک رعایت کی جاسکتی گی۔ ۱۸ سال سے زائد عمر ہونے کی صورت میں خصوصی حالات کے پیش نظر داخلہ کا فیصلہ صدرِ جامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم کی صوابدید پر موقوف ہوگا۔
متوسطہ سالِ اوّل سے متوسطہ سالِ پنجم تک کی پانچ سالہ مدت میں چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کے عصری مضامین پڑھائے جاتے ہیں، تاہم اس دوران فارسی، حدر، منزل اور فقہ و سیرت وغیرہ کے مضامین بھی اضافی طور پر شاملِ نصاب ہیں۔

تعلیمی دورانیہ و تعطیلات :

جامعہ دارالعلوم کراچی میں تعلیمی دورانیہ ۱۶ شوال تا ۱۵ شعبان ہے، دورانِ سال ہفت روزہ تعطیل صرف جمعہ کے دن ہوتی ہے، بقیہ ایام میں تعلیم کا کام تسلسل کے ساتھ جاری رہتا ہے اور یومیہ چھ گھنٹے کے اسباق ہر طالبِ علم کے لئے ضروری ہیں، چار گھنٹے صبح اور دو گھنٹے بعد نمازِ ظہر، سالانہ تعطیلات کا زمانہ عموماً۱۰؍ شعبان سے ۷ شوال تک ہے، جبکہ عید الاضحی کے موقع پر بھی ۹ دن کی تعطیل ہوتی ہے۔

امتحانات :

تعلیمی سال کے دوران تین امتحانات لئے جاتے ہیں: عموماً سہماہی امتحان ماہِ صفر کے پہلے ہفتہ میں، ششماہی امتحان جمادی الاولیٰ کے پہلے ہفتہ میں اور سالانہ امتحان شعبان کے پہلے عشرے میں ہوتا ہے۔
مطالعہ اور تکرار(اسباق کی دہرائی)
ہرسبق سے متعلق دو کام طلبہ کے لئے لازمی ہیں۔ ایک اگلے دن کے سبق کے لئے کتاب کا مطالعہ، تاکہ طالب علم کا ذہن سبق کے لئے تیار ہوجائے اور وہ بصیرت اور تیقظ کے ساتھ استاذ کے سامنے سبق سمجھ سکے۔ دوسرا کام پڑھے ہوئے سبق کا تکرار کرنا ہے۔ ’’تکرار‘‘ مدارس کی ایک اصطلاح ہے، طلبہ استاذ سے سبق پڑھنے کے بعد عموماً رات کے اوقات میں چھوٹے چھوٹے حلقوں میں بیٹھ جاتے ہیں۔ ان طلبہ میں سے ایک طالب علم پڑھے ہوئے سبق کو استاذ کے پڑھائے ہوئے طریقے کے مطابق دہراتا ہے۔ یہ طریقہ درس نظامی کی ممتاز خصوصیت ہے جس کے ذریعے ہر طالب علم کے ذہن میں نہ صرف پڑھا ہوا سبق مستحکم ہو جاتاہے، بلکہ ساتھ ہی ساتھ اسے پڑھانے اور اظہار مافی الضمیر کی عملی تربیت بھی حاصل ہوتی ہے۔ تکرار تقریباً ہر جماعت کے طلبہ کے لئے لازمی ہے۔

شرائط ِ رہائش :

رہائش کے لئے کم از کم عمر ۱۴ سال ہونا لازمی ہے، ۱۴ سال سے کم عمر والے طلبہ کے لئے مصلحتاً قیام کا انتظام نہیں رکھا گیا، البتہ ایسے طلبہ بغیر رہائش کے داخلہ لے سکتے ہیں۔

سہولیات :

مرحلۂ متوسطہ کے لئے جامعہ دارالعلوم کراچی میں تعلیم کی کوئی فیس نہیں ہے، نیز ان طلبہ کو رہائش، طعام ، ابتدائی طبی امداد اور کسی حد تک علاج و معالجہ کی سہولیات جامعہ کی طرف سے بلا معاوضہ مہیا کی جاتی ہیں، البتہ اگر کوئی طالبِ علم صاحبِ استطاعت ہے تو وہ رہائش کرایہ ادا کرکے اور کھانا خرید کر حاصل کرسکتا ہے۔