>
جامعہ دارالعلوم کراچی کا ترجمان ماہنامہ البلاغ اردو
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالتصنیف کی طرف سے اردو زبان میں علمی، ادبی، تحقیقی اور تاریخی مضامین پر مشتمل یہ ماہانہ رسالہ شائع کیاجاتاہے

جامعہ دارالعلوم کراچی کے شب وروز(شعبان 1436 ھ)

مولانا محمد راحت علی ہاشمی

جامعہ دارالعلوم کراچی کے شب وروز

جلسہ دستار بندی
۱۶؍ رجب ۱۴۳۶ھ بروز بدھ : جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ درس نظامی میں تعلیمی سال کا اختتام حسب معمول بخاری شریف کے اختتامی درس سے ہوا بخاری شریف کی آخری روایات کا درس شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم نے دیا ،احادیث مبارکہ کی تشریح فرماتے ہوئے حضرت والا نے اپنے اعمال کو آخرت کی ترازو میں وزنی بنانے کی کوشش کرنے کی طرف متوجہ فرمایا اور سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم کے مبارک کلمات کا وردکرنے کی عادت بنانے کی تلقین فرمائی درس بخاری شریف کے بعد رئیس الجامعہ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم نے طلبہ کو نصیحت فرماتے ہوئے فرمایا کہ اصطلاحی طورپر درس نظامی کی فراغت سے خود کو عالم نہیں سمجھ لینا چاہیے بلکہ اب آپ استاد کی مدد کے بغیر کتابوں کے مطالعہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوگئے ہیں اب جتنا علمی مشغلہ آئندہ رکھیں کے علم کا سلسلہ بڑھتا جائے گا نیز فرمایا کہ ابھی تو آپ نے فقہ ظاہرحاصل کیا ہے اب ضرورت ہے کہ فقہ باطن بھی حاصل کیا جائے اور اس کے لئے کسی متبع سنت اللہ والے سے تعلق قائم کیا جائے ۔
اس کے بعد آپ نے دعا فرمائی ، دعا کے بعد تخصص فی الافتاء سال سوم ،تخصص فی الدعوۃ سال دوم ، تخصص فی القرآا ت سال دوم اور دورئہ حدیث کے فضلاء کی دستار بندی کی گئی ،تجوید سے فارغ ہونے والے طبلہ کو نشان فضیلت کے طور پر بڑے رومال دئے گئے ۔
اسی طرح مدرسۃ البنات میں دورئہ حدیث سے فارغ ہونے والی طالبات کو نشان فضیلت کے طورپر چادریں دی گئیں اللہ تعالیٰ ان سب طلبہ وطالبات کے لئے اس اعزاز کو مبارک فرمائیں اور آئندہ کی زندگی میں دین کی اشاعت وحفاظت کا ذریعہ بنائیں ۔ آمین۔

تقریب تکمیل قرآن
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالقرآن کے تحت ایک پروقار تقریب تکمیل حفظ قرآن کے سلسلہ میں بروز ہفتہ بعد نماز عصر منعقد کی گئی جس میں کامل الحفظ طلبہ کو رومال دئے گئے ، مرکز کورنگی شاخ نانک واڑہ وبیت المکرم اور محمد ی مسجد نیز ملحقہ مکاتب کے تکمیل حفظ کرنے والے طلبہ اس سال بحمد اللہ تعالیٰ ۱۹۵ تھے اور بیس طالبات نے بھی حفظ مکمل کیا ۲۱۵ طلبہ وطالبات نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر ان طلبہ کو آخری سبق حضرت مولانا محمود اشرف صاحب مدظلہم نے پڑھایا اور حضرت مولانا عزیزالرحمن صاحب مدظلہم نے عظمت وٖفضیلت قرآن کریم پر بیان فرمایا اخیر میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم نے طلبہ ، ان کے سرپرستوں اور اساتذہ ومعلمات کی محنتوں پر ان کی تحسین فرمائی اور سب کے لئے دعافرمائی آپ کی دعا پر یہ بابرکت مجلس اختتام کو پہونچی۔

حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم کا سفراسلام آباد
۶؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ ھ ( ۲۷؍ مارچ ۲۰۱۵ء ) بروز جمعہ حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم اسلام آباد تشریف لے گئے،جہاں اگلے دن ایوانِ صدر اسلام آباد میں ’’ اخلاقی اقدار کا فقدان اور کرپشن ۔۔۔تدارک اور علاج‘‘ کے موضوع پر صدر مملکت کے ساتھ ممتاز علماء کرام کی ایک خصوصی نشست میں شرکت فرمائی اور حضرت والا مدظلہم نے موضوع سے متعلق مؤثراور فکر انگیز گفتگو فرمائی ۔اور شام کو واپس کراچی تشریف لے آئے ، حضرت والا کے ساتھ مولوی معاذ اشرف صاحب سلمہ بھی اس سفر میں شریک تھے۔
۱۶؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ ھ( ۶؍ اپریل ۲۰۱۵ء ) بروز پیر حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم اسلام آباد تشریف لے گئے،جہاں اگلے دن مقامی ہوٹل میں رابطۃ العالم الاسلامی پاکستان کے زیر اہتمام تحفظ حرمین شریفین کے سلسلے میں منعقد ہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی اور خطاب فرمایا ۔ اور شام کو بخیر وعافیت واپس کراچی تشریف لے آئے ، حضرت والا مدظلہم کے صاحبزادے جناب مولانا ڈاکٹر محمد زبیر اشرف عثمانی صاحب حفظہ اللہ بھی اس سفر میں حضرت والا کے ساتھ تھے ۔
سفرفیصل آباد وساہیوال:۱۹؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ ھ( ۹؍ اپریل ۲۰۱۵ء ) بروز جمعرات حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم فیصل آباد تشریف لے گئے جہاں رات کو حضرت مولانا محمد نافع صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات کے حوالے سے منعقدہ سیمنار میں شرکت فرمائی ۔
اگلے دن ۲۰؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ ھ بروز جمعۃ المبارک جامعہ اسلامیہ امدادیہ فیصل آباد میں تقریب ختم بخاری شریف میں حضرت والامدظلہم نے شرکت فرمائی ، دورہ حدیث کے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اور اجتماع سے خطاب فرمایا ۔ اجتماع میں طلبہ ، اساتذہ اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، اور حضرت والا مدظلہم کے خطاب سے مستفید ہوئے۔
جامعہ دارالعلوم کراچی کے استاذ جناب مولانا ڈاکٹر محمد زبیر عثمانی صاحب مدظلہ نے جامعہ امدادیہ فیصل آباد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب فرمایا ، اور نماز جمعہ کے بعد درس حدیث بھی دیا۔
۲۱؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ ھ( ۱۱؍ اپریل ۲۰۱۵ء ) بروز جمعرات حضرت والا مدظلہم فیصل آباد سے ضلع ساہیوال تشریف لے گئے ، جہاں بعد نماز مغرب جامعۃ الحسن ساہیوال کے تخصص فی الافتاء کے فضلاء کی دستار بندی کی تقریب میں شرکت فرمائی ، حضرت والا مدظلہم نے دستار بندی فرمائی اور حاضرین سے خطاب فرمایا ۔ اجتماع میں حضرت کے صاحبزادے جناب ڈاکٹر محمد زبیر عثمانی صاحب کا بھی بیان ہوا۔
۲۲؍ جمادی الثانیہ ۱۴۳۶ھ حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم الحمد للہ بخیر وعافیت واپس کراچی تشریف لے آئے۔
سفر ابو ظبی:۹؍ رجب ۱۴۳۶ھ(مطابق ۲۹؍ اپریل ۲۰۱۵ء ) بروز بدھ حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم ابو ظبہی تشریف لے گئے ، جہاں مسلم معاشرے میں فروغ امن کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ کانفرنس میں شرکت فرمائی ، اور ’’ الإسلام دین أمن وسلام واعتدال ‘‘ کے عنوان سے گرانقدر مقالہ پیش فرمایا ، کانفرنس میں مسلم ممالک کے ممتاز علماء کرام اور مفکرین نے شرکت فرمائی ۔ کانفرنس میں حضرت والامدظلہم کے صاحبزادے جناب مولانا ڈاکٹر محمد زبیر عثمانی صاحب مدظلہ نے بھی شرکت کی ۔
۱۰؍ رجب ۱۴۳۶ھ حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم بخیر وعافیت واپس کراچی تشریف لے آئے ۔
سفر حیدر آباد :۱۷؍ رجب ۱۴۳۶ھ(۷؍ مئی ۲۰۱۵ء ) بروز جمعرات حضرت رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی مدظلہم حیدر آباد سندھ تشریف لے گئے ، جہاں بعد نماز مغرب دارالعلوم مظاہر العلوم کے سالانہ جلسہ وتقریب ختم بخاری شریف میں شرکت فرمائی ، طلبہ کو آخری حدیث کا درس دیا اور اجتماع سے خطاب فرمایا ، تقریب کے بعد رات کو حضرت والا مدظلہم واپس کراچی بخیر وعافیت تشریف لے آئے ۔

جامعہ امینیہ کراچی میں حضرت رئیس الجامعہ مدظلہم کا خطاب
۲۰؍ رجب ۱۴۳۶ ھ ( ۱۰؍ مئی ۲۰۱۵ء) بروز اتوار رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب دامت برکاتہم ،جناب عابد صدیق صاحب کی دعوت پر جامعہ امینیہ للبنات کراچی میں تقریب ختم بخاری شریف کے لئے تشریف لے گئے ، حضرت والا نے دورہ حدیث کی طالبات کو پسِ پردہ صحیح بخاری کی آخری حدیث کا درس دیا جس کے ضمن میں آپ نے بہت مؤثر گفتگو فرمائی ۔ طالبات کے علاوہ دیگر حاضرین نے بھی یہ درس خوب توجہ سے سنا ۔ حق تعالیٰ حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم کی زرّیں ہدایات پر ہم سب کو عمل کی توفیق عطاء فرمائے ۔ آمین۔

حضرت نائب رئیس الجامعہ دامت برکاتہم کے اسفار
۲۶؍ جمادی الاولیٰ ۱۴۳۶ھ ( ۱۸؍مارچ ۲۰۱۵ء) : نائب رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم آج بحرین تشریف لے گئے جہاں آپ نے المجلس الشرعی کے دوروزہ اجلاس کی صدارت فرمائی۔ اور ۲۸؍ جمادی الاولی کو وہاں سے کویت تشریف لے گئے جہاں مجمع الفقہ الاسلامی الدولی کے اجلاس میں شرکت فرمائی ۔ یہ اجلاس پانچ دن جاری رہا ،اور اس میں مندرجہ ذیل فقہی موضوعات زیر بحث آئے :
جھاد الطلب وجہاد الدفع بین الشوری والدیموقراطیۃ فی النظر الاسلامی حقوق وواجبات المواطنین غیر المسلمین فی الدول الاسلامیۃ ، ومدی تطبیق احکام الشریعۃ الاسلامیۃ علیہم
٭ المراۃ والولایا ت العامۃ
٭زیارۃ القدس : الاہداف ، والاحکام الشریعۃ
٭حقوق المعاقین فی الفقہ الاسلامی
٭ضمان البنک للمخاطر الناشئۃ عن سوء استثمار اموال العملاء ، وتعویضھم عن الاضرار الناجمۃ
٭استکمال بحث ودراسۃ التأمین التعاونی
٭الغلبۃ والتبعیۃ فی المعاملات المالیۃ : حالاتہما ، وضوابطھما ، وشروط تحققہما
٭الاستحالۃ والاستھلاک ومستجداتھما فی الغذا والدوائ
٭الاجابۃ علی استفسارات : اللجان الفنیۃ (لجنۃ أغذیۃ الحلال tc1 ولجنۃ مستحضرات التجمیل الحلال tc2) ، بمعہد المواصفات والمقاییس للدول الاسلامیۃ(سمیک)
٭الذکاۃ بعد التدویخ بالصدمۃ الکھربائیۃ : الضوابط والاحکام

٭٭٭٭٭٭

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More