>
جامعہ دارالعلوم کراچی کا ترجمان ماہنامہ البلاغ اردو
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالتصنیف کی طرف سے اردو زبان میں علمی، ادبی، تحقیقی اور تاریخی مضامین پر مشتمل یہ ماہانہ رسالہ شائع کیاجاتاہے

آپ کا سوال(شوال1437ھ)

ڈاکٹر محمد حسان اشرف عثمانی

آپ کا سوال

قارئین صرف ایسے سوالات ارسال فرمائیں جو عام دلچسپی رکھتے ہوں اور جن کاہماری زندگی سے تعلق ہو، مشہور اور اختلافی مسائل سے گریز فرمائیں …………………………(ادارہ)

سوال : میں اپنی بچی کے لئے کچھ رقم پس انداز کرتا ہوں جو کہ اس کی ملکیت تصوّر کی جارہی ہے ، مگر وہ ابھی تک نابالغ ہے ، زکوٰۃ اداکرنا مجھ پر فرض ہے یا نہیں؟
جواب: جو رقم نابالغ ، بچے، بچی کی ملکیت ہو، اس پر اس کے بالغ ہونے تک زکوٰۃ نہیں دی جائے گی ، بالغ ہونے کے بعد جب سال گزرجائے تب اس پر زکوٰۃ فرض ہوگی ۔


سوال : مجنون شخص پر نماز فرض نہیں، اگر کوئی مجنون بہت سی دولت کا مالک ہو تو کیا اس کے مال سے زکوٰۃ کی رقم کاٹنا جائز ہے ؟
جواب: مجنون کے مال پرزکوٰۃ نہیں۔


سوال : ایک قلیل آمدنی والے شخص کی بیوی شادی کے موقع پر دس تولے سونا زیورات کی شکل میں لاتی ہے ، کیا شوہر کے لئے ضروری ہے کہ ہر حال میں اس کی زکوٰۃ اداکرے؟
جواب: چونکہ یہ زیورات بیوی کی ملکیت ہیں ، اس لئے اس زیورکی زکوٰۃ بیوی کے ذمہ ہے ، غریب شوہر کے ذمہ نہیں ۔ عورت کو چاہئے کہ ان زیورات کا بقدر واجب حصہ زکوٰۃ میں دے دیا کرے ، اپنی زکوٰۃ شوہر کے ذمہ نہ ڈالے ۔ سوال : کسی گھر میں تین بھائی اکھٹے رہتے ہوں ، ایک ہی جگہ کھاتے ہوں ، لیکن کماتے الگ ہوں،ہر ایک کی بیوی کے پاس ڈھائی یا تین تولے سونا ہو اور سب کا ملا کر تقریباً ساڑھے آٹھ تولے سونا بنتا ہوتو کیا ان کو اس زیور کی زکوٰۃ اداکرنی ہوگی ؟ جواب: اگر ان کے پاس اور کوئی مال نہ ہو جس پر زکوٰۃ فرض ہو اور وہ نصاب کی حد کو پہنچتا ہو تو ان پرزکوٰۃ فرض نہیں، کیونکہ نصاب زکوٰۃ میں انفرادی ملکیت کا اعتبار ہے ، اور یہاں کسی کی انفرادی ملکیت بقدرِ نصاب نہیں۔


سوال : دوافراد نے مشترکہ کاروبار اس شرط پر کیا کہ جس آدمی کی کاروبار میں رقم ہوگی ،منافع کی رقم سے اس کو دوحصے ملیں گے ، جبکہ دوسرا شخص جو صرف کاروبار میں محنت کرے گا اس کو منافع کی رقم سے ایک حصہ ملے گا۔ چند سال بعد پھر معاہدہ ہو اکہ مالک رقم نے دوسرے ساتھی سے کہا کہ میں اب کاروبارمیں پوری طرح ڈیوٹی انجام نہ دے سکوں گا، اس لئے رقم میری ہوگی ، کاروبار تم اکیلے کو کرنا ہوگا۔ منافع کی رقم نصف ہوگی ۔پوچھنا یہ چاہتاہوں کہ ہم دکان کا کرایہ بجلی وغیرہ کا بل سب مشترکہ کاروبار سے بخوشی اداکرتے ہیں ، جبکہ مالک رقم شروع ہی سے اس کاروباری رقم کی جس کاوہ منافع کماتا ہے ، زکوٰۃ بھی مشترکہ کھاتے سے دیتا ہے ، جبکہ معاہدے میں بھی یہ بات نہیں تھی ۔جو شخص کاروبار چلارہا ہے اس کو اعتراض ہے کہ تم زکوٰۃ اپنے پاس سے دو ، دُکان سے دینی ہے تو اپنے نام وہ رقم لکھو، مگر مالک کہتا ہے اس علاقے میں یہ رواج ہے کہ مشترکہ کاروبارہی سے زکوۃ اداکی جاتی ہے ۔
جواب: دونوں کو اپنے اپنے حصے کی زکوٰۃ اداکرنی چاہئے ، رقم والے شخص کا مشترکہ کھاتے سے زکوٰۃ اداکرنا صحیح نہیں۔


سوال : میرے پاس کچھ رقم ہے ، جو کہ میں نے کسی کو قرض دی ہوئی ہے ، چونکہ زکوٰۃ کا مسئلہ ایک سال رکھنے پر ہے ، اب اگر چھ ماہ میرے پاس رقم رہی اور چھ ماہ قرض دار کے پاس ، اس کی زکوٰۃ کس طرح اداکروں ؟
جواب: جو رقم کسی کو قرض دی گئی ہو، اس کی زکوٰۃ قرض دینے والے کے ذمے ہے ، اس لئے اس رقم کی زکوٰۃ آپ اداکریںگے۔


سوال : جو رقم ہمارے پاس امانۃً رکھی ہو ، اس پر زکوٰۃ کون اداکرے گا؟ ہم اداکریں گے یا اصل مالک؟مکان کے کرایہ پر جو رقم بطور زرِ ضمانت پیشگی کرایہ دار سے لی جاتی ہے ، وہ قابل واپسی ہے ، اور کئی سال مالکِ مکان کے پاس امانت رہتی ہے ، اس پر کون زکوٰۃ اداکرے گا؟

جواب: جو شخص رقم کا مالک ہو اس کے ذمہ زکوٰۃ ہے ، پس امانت کی رقم کی زکوٰۃ امین پر نہیں، بلکہ امانت رکھوانے والے مالک کے ذمہ ہے ، اور زرِ ضمانت کا مالک کرایہ دارہے ، اس کی زکوٰۃ بھی اسی کے ذمہ ہے ۔


سوال : اگر میں نے نصاب کے بقدررقم کسی خاص مقصد ، مثلاً : بہن وغیرہ کی شادی کے لئے جمع کر رکھی ہو تو کیا اس پر بھی زکوٰۃ واجب ہے ؟
جواب: جی ہاں واجب ہے ۔


سوال : اگر خالی پلاٹ پڑا ہے اور وہ زیر استعمال نہیں ہے ، تو زکوٰۃ اس پرعائد ہوتی ہے یا نہیں؟

جواب: اگر پلاٹ کے خریدنے کے وقت یہ نیت تھی کہ مناسب موقع پر اس کو فروخت کردیں گے تو اس کی قیمت پر زکوٰۃ واجب ہے ، اور اگر ذاتی استعمال کی نیت سے خریدا تھا تو زکوٰۃ واجب نہیں۔


سوال : ایک شخص کے پاس اپنی کمائی کی کچھ رقم تھی ، انہوں نے حج کرنے کے ارادے سے درخواست دی اور رقم جمع کرائی لیکن قرعہ اندازی میں ان کا نام نہیں آیا، اور حکومتِ وقت کی جانب سے ان کی رقم واپس مل گئی وہ شخص پھر آئندہ سال حج کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور درخواست بھی دینے کا ارادہ ہے ، آپ یہ بتائیں کہ حج کرنے کے لئے جو رقم رکھی گئی ہے ، اس پرزکوٰۃ اداکرنا ضروری ہے یا ایسی رقم سے کوئی زکوٰۃ نکالی نہیں جائے گی یا دوسری رقم کی طرح اس پر بھی زکوٰۃ نکالی جائے گی؟
جواب: اس رقم پر بھی زکوٰۃ واجب ہے ۔


سوال : ایک آدمی کے پاس کچھ بھینسیں ہیں ، کچھ کشتیاں ہیں جن میں وہ مچھلی کا شکار کرتا ہے ، اور جال بھی ہے ، جال کی قیمت ساٹھ ستر ہزار روپے ہے ، اور تمام چیزوں کی مالیت تقریباً ۴ لاکھ بنتی ہے ، ان کی زکوٰۃ دینی ہوگی یا نہیں؟
جواب: یہ چیزیں استعمال کی ہیں ، ان پرزکوٰۃ نہیں ، البتہ زیورات پر زکوٰۃ ہے ، خواہ وہ پہنے ہوئے رہتے ہوں ۔


سوال : زمین کے لئے جن پیسوں سے بیج اور کھاد خرید کر رکھاہوا ہے ، کیا ان پر بھی زکوٰۃ اداکرنی چاہئے؟
جواب: جو کھاد اور بیج خرید کر رکھ لیا ہے ، اس پر زکوٰۃ نہیں۔


سوال : ایک آدمی کا روزہ ٹوٹ گیا ، کیا اب وہ کھا پی سکتا ہے ؟
جواب: اگر رمضان شریف میں کسی کا روزہ ٹوٹ جائے تب بھی اس کو دن میں کچھ کھا نا پینا جائز نہیں ، سارادن روزہ داروں کی طرح رہنا واجب ہے ۔ سوال : اعتکاف کے واسطے ہر شخص مسجد میں بیٹھ سکتا ہے یاصرف بزرگ؟ جواب: اعتکاف میں ہر مسلمان بیٹھ سکتا ہے ، لیکن نیک اور عبادت گزار لوگ اعتکاف کریں تو اعتکاف کا حق زیادہ ادا کریں گے ۔


سوال : کیا مرد حضرات مسجد کے بجائے اپنے گھر میں اعتکاف میں بیٹھ سکتے ہیں؟
جواب: مردوں کے لئے گھر میں اعتکاف جائز نہیں۔


سوال : کیا اعتکاف میں بیٹھنے کے لئے جو چاروں طر ف چادریں لگاکر ایک حجرہ بنایا جاتا ہے ، ضروری ہے یا اس کے بغیر بھی اعتکاف ہوجاتا ہے ؟
جواب: چادریں معتکف کی تنہائی ویکسوئی اور آرام وغیرہ کے لئے لگائی جاتی ہیں ، ورنہ اعتکاف ان کے بغیر بھی ہوجاتا ہے ۔

٭٭٭٭٭٭

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More