نقد و تبصرہ
تبصر ے کے لیے ہر کتاب کے دو نسخے ارسال فرمایئے |
تبصرہ نگار کا مؤلف کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں |
نام کتاب : | حاجی عبدالوہاب صاحب رحمۃ اللہ علیہ |
نام مرتب : | مولانا محمد ذوالکفل صاحب |
ضخامت : | ۶۷۰ صفحات ۔ عمدہ طباعت ۔ قیمت |
ناشر : | جامعہ دارالتقویٰ ، متصل الہلال مسجد ، چوبرجی پارک لاہور |
حاجی عبدالوہاب صاحب رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولانا محمد الیاس کاندھلوی قدس سرہ کے ساتھیوں میں سے تھے ، تبلیغی جماعت کے امیر اور عالمی شخصیت تھے ، ۲۰۱۹ء میں انتقال ہوا تو حضرت مرحوم کی سوانح حیات کے شائع ہونے کا انتظار تھا ، الحمدللہ جامعہ دارالتقویٰ لاہورکے حضرات نے ماہنامہ دارالتقوی کی اشاعت خاص کے طورپر زیر نظر ضخیم کتاب حضرت حاجی صاحب کے حالات پر مرتب کرکے قارئین کے سامنے پیش کردی ہے ۔اس پر اس ادارے کے منتظمین خاص طورپر دارالتقوی لاہور کے مہتمم جناب مولانا محمد اویس صاحب مدظلہم اور کتاب کے مرتب جناب مولانا ذو الکفل صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں ، اللہ تعالیٰ اس پر انہیں جزائے خیر عطافرمائے ۔ آمین۔
کتاب میں حاجی عبدالوہاب صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے تمام حالات و واقعات بڑی تفصیل کے ساتھ بیان کئے گئے ہیں ، حضرت مولانا محمد الیاس کاندھلوی صاحب ، حضرت مولانا محمد یوسف کاندھلوی صاحب ، حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی صاحب اور حضرت مولانا محمد انعام الحسن کاندھلوی صاحب رحمۃ اللہ علیہم کی معیت ورفاقت کی سرگذشت عمدہ پیرائے میں سپرد قرطاس کی گئی ہے ، زندگی بھر کی جہد مسلسل پر سیر حاصل گفتگو کے ساتھ ساتھ مستقل عنوان قائم کرکے حضرت حاجی صاحب ؒکے ملفوظات درج کئے گئے ہیں ، امراض و عوارض ، سانحۂ ارتحال ، نماز جنازہ اور تدفین کے مراحل کی تفصیلات کے علاوہ علماء کرام کے تأثرات اور مضامین بھی شامل کئے گئے ہیں ۔ الغرض یہ ایک مفصل سوانح حیات ہے جس سے حاجی صاحبؒ کی زندگی کے تمام پہلو کھل کر سامنے آجاتے ہیں ۔نیز دین کی خاطر محنت کرنے کا جذبہ ، دعوت وتبلیغ کی تڑپ اور حوصلہ پیدا ہوتا ہے اور اس کا طریقۂ کار بھی معلوم ہوتا ہے ۔ قارئین کو اس کتاب کا مطالعہ کرنا چاہئے تاکہ وہ دعوتِ دین کے میدان میں پہلے سے بھی بڑھ کر کام کرسکیںاور دعوت دین کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے سکیں۔ (ابو معاذ)
نام کتاب : | دعاؤں کا خزانہ |
جمع وترتیب : | بریگیڈئیر (ر)ڈاکٹر قاری فیوض الرحمن صاحب مدظلہم |
ضخامت : | ۲۱۶ صفحات ۔ عمدہ طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | جامع مسجد الفرقان ملیر کینٹ ، کراچی |
حدیث میں آتا ہے کہ دعا عبادت کا مغز ہے اسی لئے قرآن کریم اور احادیث میں دعاء کی بڑی ترغیب و تاکید آئی ہے ، اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہر مسلمان قرآن وحدیث میں ذکر کی گئی دعاؤں کو حضور قلب کے ساتھ مانگنے کا اہتمام کرے ۔اسی لئے اس موضوع پر علماء کرام نے مستقل تصنیفات کا اہتمام فرمایا ہے ، زیر نظر کتاب میں بھی قرآن پاک اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بتائی ہوئی چند دعائیں اورچالیس درود شریف درج کئے گئے ہیں ، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی مرتب کردہ "منزل”بھی شامل کتاب ہے، دعاء مانگنے کا طریقہ بھی بتایا گیا ہے کہ پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء کرے ، پھر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف پڑھے ، آخر میں بھی حمد وثناء اور درود سلام پڑھے اور آمین پر دعاء کو ختم کرے ۔
اللہ تعالیٰ اس مجموعہ کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور قارئین کو اس سے نفع حاصل کرنے کی توفیق عطافرمائے ۔ آمین۔
نام کتاب : | تلخیص النحو |
نام مصنف : | مولانا شبیر احمد صاحب |
ضخامت : | ۷۷ صفحات ،مناسب طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | مکتبۃ الرؤف ، جامع مسجد فاروق اعظم ، محلہ عثمان ٹاؤن فیصل آباد |
علماء کا مشہور قول ہے کہ صرف تمام علوم میں ماں اور نحو تمام علوم میں باپ کی حیثیت رکھتا ہے ، اسی لئے مدارس عربیہ میں سب سے پہلے صرف و نحو کی تعلیم پر زور دیا جاتا ہے ۔
زیر نظر کتاب بھی نحو کے موضوع پر عمدہ کتا ب ہے جو اردو میں تحریر کی گئی ہے ،اس میں جداگانہ اسلوب سے مسائل درج کئے گئے ہیں ، اساتذۂ کرام اور طلبہ کے لئے اس کا مطالعہ ان شاء اللہ مفید ثابت ہوگا۔ (ابومعاذ)
نام کتاب : | توضیح المنطق تسھیل تیسیر المنطق |
نام مرتب : | ابو محمد مولانا بہار علی صوابی |
ضخامت : | ۴۵ صفحات ، مناسب طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | مکتبہ ابن عباس تخت بھائی ، مردان |
فن منطق بھی علوم آلیہ میں داخل ہے اس لئے بقدر ضرورت اس کا حصول بھی ضروری ہے ، اس فن میں سب سے پہلے اردو کاایک رسالہ تیسیر المنطق پڑھایاجاتا ہے جو طلبہ کے لئے بہت مفید ثابت ہوتا ہے ۔اس رسالے کی بھی شرحیں لکھی گئی ہیں ، زیر تبصرہ رسالہ بھی "تیسیر المطق” کی تسہیل ہے ، اس میں عام فہم اور آسان زبان میں منطق کے قواعد سمجھائے گئے ہیں طلبہ کے لئے مسائل منطق کو سمجھنے میں ان شاء اللہ اس سے خاصی مدد ملے گی۔ (ابو معاذ)
نام کتاب : | حیات درویش |
نام مؤلف : | مولانا محمد روح اللہ نقشبندی غفوری صاحب |
ضخامت : | ۱۴۴ صفحات ۔ عمدہ طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | ادارہ نقشبندیہ کراچی ۔ 0342-2001115 |
حضرت مولانا حفیظ اللہ صاحب پگاڑوی رحمۃ اللہ علیہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے قدیم فضلاء میں سے تھے،۱۳۸۸ھ مطابق ۱۹۶۸ء میں انہوں نے یہاں سے سندِ فراغ حاصل کی ، ابتدائی تعلیم بھی وقت کے جید اساتذئہ کرام سے حاصل کی ، مزاج میں سادگی کی وجہ سے آپ نے بہت ہی درویشانہ زندگی بسر کی ، ۱۴۳۳ھ مطابق ۲۰۱۲ء میں رحلت فرماگئے ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔
آپ کے لائق فرزند جناب مولانا محمد روح اللہ صاحب زید مجدہ نے "حیات درویش” کے نام سے یہ کتاب مرتب کی ہے ، اس میںاپنے والد مرحوم کے حالات تحریر فرمائے ہیں جو واقعی قابل تقلید اور سبق آموز ہیں ۔ یہ ایک اچھی علمی کاوش ہے جس سے اساتذہ و طلبہ کو مستفید ہونا چاہئے ۔ (ابومعاذ)
نام کتاب : | ارمغان فانی |
نام مؤلف : | مولانا نور اللہ نور، وزیر ستانی |
ضخامت : | ۵۷۲ صفحات ۔ عمدہ طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | القاسم اکیڈمی ، جامع ابوہریرہ ، خالق آباد ۔ نوشہرہ |
حضرت مولانا حافظ محمد ابراہیم فانی صاحب رحمۃ اللہ علیہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے فاضل اور مقبول مدرس تھے ، ۱۹۷۸ء میں دورئہ حدیث کیا ،اور پھر تاوفات منصب تدریس پر فائز رہے ۔آپ کے والد صاحب حضرت مولانا عبدالحلیم صاحب بھی یہاں کے صدر المدرسین تھے ، حضرت مولانا فانی صاحبؒ کو لکھنے کا ذوق شروع ہی سے تھا ، شعر وادب سے بھی عمدہ مناسبت تھی ، اس لئے مختلف موضوعات پر مضامین لکھتے رہتے تھے جو علمی و ادبی پرچوں کی زینت بنتے رہتے تھے ۔
۲۰۱۴ ء میں آپ کا انتقال ہوگیا تو مولانا نور اللہ نور وزیرستانی صاحب کو خیال ہوا کہ حضرت فانی کی تمام علمی و قلمی نگارشات اور منظوم ادبیات کو خصوصی اشاعت کے طورپر کتابی شکل میں شائع کیا جائے، انہوں نے یہ رائے حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہم کی خدمت میں پیش کی تو حضرت نے نہ صرف یہ کہ اس پر خوشی کا اظہار فرمایا بلکہ مولانا موصوف کو اس کام کی تکمیل کا حکم بھی فرمایا ۔
چنانچہ فاضل مرتب نے عمدہ انداز میں یہ خدمت پایہ تکمیل تک پہنچادی اورحضرت فانی صاحبؒ کی حیات وخدمات ، افادات و ادبیات ، مقالات و مکتوبات ، حقانی تصنیفات پر منظوم تأثرات عمدہ ترتیب سے مذکورہ کتاب میں جمع کردیئے ، جن کا مطالعہ کرنے سے معلومات میں اضافہ ہوتا ہے اور صاحب افادات کی دل میں قدر پیدا ہوتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس سعی ٔ جمیل کو قبول فرمائے اوراصحاب ذوق قارئین کو اس کے مطالعے کی توفیق عطافرمائے ۔ آمین۔ (ابومعاذ)
نام کتاب : | فوائد الصحبۃ |
افادات: | حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی قدس سرہ |
ضخامت : | ۷۷، صفحات ۔ عمدہ طباعت ۔ قیمت : درج نہیں |
ناشر : | جامعہ اشرف المدارس کراچی |
۶؍ذیقعدہ ۱۳۳۰ھ (۱۷؍اکتوبر ۱۹۱۲ء )کو جمعہ کے دن بانی ٔ تبلیغی جماعت حضرت مولانا محمد الیاس صاحب کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ کا عقد نکاح ہوا تھا ، نکاح حضرت مولانا محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے پڑھایاتھا جبکہ مجلس عقد میں حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوری ؒ ، حضرت مولانا شاہ عبدالرحیم صاحب رائے پوریؒ اور حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ تینوں حضرات موجود تھے، حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اسی تقریب میں ایک وعظ فرمایاتھا جو "فوائد الصحبۃ "کے نام سے بارہا طبع ہو چکا ہے ۔
اب پھر یہ وعظ عمدہ طباعت کے ساتھ منظر عام پر لایا گیا ہے ۔ اس میں نیک لوگوں کی صحبت کے فوائد تفصیل کے ساتھ بیان کئے گئے ہیں ۔
قارئین کے لئے اس کا مطالعہ ان شاء اللہ نفع سے خالی نہیں ہوگا۔ (ابومعاذ)