>
جامعہ دارالعلوم کراچی کا ترجمان ماہنامہ البلاغ اردو
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ دارالتصنیف کی طرف سے اردو زبان میں علمی، ادبی، تحقیقی اور تاریخی مضامین پر مشتمل یہ ماہانہ رسالہ شائع کیاجاتاہے

شب و روز( صفرالمظفر 1442ھ)

مولانا محمد راحت علی ہاشمی

مولانا محمد راحت علی ہاشمی

جامعہ دارالعلوم کراچی کے شب وروز

تعلیمی سرگرمیاں
وبائی صورتحال کی بناء پر رواں تعلیمی سال ۴۲۔۱۴۴۱ ھ میں جامعہ دارالعلوم کراچی میں تعلیمی سلسلہ مکمل طورپر ذی الحجہ ۱۴۴۱ء سے شروع کیا جاسکا ، اس لئے مقررہ نصاب خواندگی کے بارے میں مشاورت کے لئے اکابر اساتذہ کرام کی ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں غور و خوض کے بعد یہ تجویز پیش کی گئی کہ مقررہ نصاب حسب معمول مکمل کرالینا ہی بہتر ہے ورنہ طلبہ بالخصوص شرکاء دورئہ حدیث شریف کو اپنی نصابی مقدار پوری نہ کرنے کا قلق رہے گا ، البتہ تعلیمی دورانیہ میں جو کمی ہوگئی ہے اس کے ازالہ کے لئے اس سال سہ ماہی امتحان ساقط کرکے ان ایام کو بھی تعلیم میں صرف کرلیا جائے اور اساتذہ کرام درسی مباحث میں نہایت اہم اور ضروری امور کی تشریح پر اکتفا فرمائیں تو ان شاء اللہ تعالیٰ نصاب کی مقررہ مقادیر سالانہ امتحان تک پوری ہوجائیں گی نیز یہ بھی تجویز کیاگیا کہ اس سال ششماہی امتحان اپنے سابقہ معمول سے ایک ماہ پہلے منعقد کرالیا جائے، نائب رئیس الجامعہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب اور رئیس الجامعہ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم نے اس تجویز کو پسند فرماکر اس کی منظوری مرحمت فرمادی ، ان شاء اللہ تعالیٰ جامعہ دارالعلوم کراچی میں اس سال اسی منظوری کے مطابق عمل کیا جائے گا ۔ اللہ تعالیٰ سہولت و برکت عطا فرمائیں اور تمام طلبہ و طالبات کے لئے اسے نافع فرمائیں ۔ آمین۔
ستارئہ امتیاز
اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے نائب رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کو جس قبولیت سے سرفراز فرمایا ہے اور مختلف جہات میں جن دینی خدمات کی توفیق بخشی ہے ، بین الاقوامی سطح پر تو ان دینی و علمی خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازی خطاب اورمختلف ایوارڈ مل چکے ہیں ، حال ہی میں حکومت پاکستان کی طرف سے بھی اس کا اعتراف کرتے ہوئے حضرت والا کو ستارئہ امتیاز پیش کیا گیا ، ملکی سطح پر ہونے والی یہ قدر دانی بھی باعث مسرت ہے ۔اللہ تعالیٰ حضرت والا مدظلہم کی تمام خدمات کو بیش از بیش قبول فرمائیں اور عزت و نیک نامی میں پیہم اضافہ و برکت عطافرماتے رہیں ۔آ مین۔

دعائے مغفرت
جامعہ دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا عصمت اللہ صاحب حفظہ اللہ کی والدہ ماجدہ جو کئی ماہ سے علیل تھیں بروز جمعہ ۸؍۲؍ ۱۴۴۲ھ کو رحلت فرماگئیں ، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ مدرسہ ابتدائیہ و ثانویہ کے قدیم استاد جناب عبدالرحمن مجاہد صاحب جو کافی عرصہ سے علیل تھے بروز اتوار ۹؍۲؍ ۱۴۴۲ھ کو انتقال فرماگئے انا للہ وانا الیہ راجعون ۔
اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین کی مغفرت کاملہ فرمائیں اور درجات عالیہ سے نوازیں اور ان دونوں کے تمام لواحقین وپسماندگان کو صبر جمیل اور اجر جزیل سے نوازدیں۔ آمین۔قارئین سے بھی دونوں مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی درخواست ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More