شعبۂ ترقیات

یہ شعبہ جامعہ دارالعلوم کراچی کی وقف اراضی و جائیداد وغیرہ کی دیکھ بھال، ان کی اصلاح و مرمت، کرایہ داری کے معاملات، بلدیاتی اداروں سے مراجعت، دارالعلوم کے جملہ عدالتی و قانونی امور، نیز سرکاری و نیم سرکاری دفاتر سے متعلقہ تمام امور انجام دیتاہے۔
جامعہ دارالعلوم کراچی نے بحمداللہ اپنے بانی کی للّٰہیت، اخلاص، بزرگی اور علم و معرفت کی وجہ سے عوام میں بے مثال شہرت و مقبولیت حاصل کی ہے اور اس کی شاندار علمی دینی کارکردگی پر لوگوں کو بحمداللہ بہت اعتماد ہے۔ چنانچہ بسااوقات خداترس حضرات ذخیرۂ آخرت کے طور پر اپنی جائیدادیں بطور صدقۂ جاریہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے نام وقف کرتے رہتے ہیں۔ اس وقت الحمدللہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے نام، شہر اور مضافات، نیز بیرونِ کراچی متعدد دکانیں، مکان اور زرعی اراضی وقف ہیں۔ شعبہ ترقیات ان اوقاف کی نہ صرف دیکھ بھال اور تحفظ کرتاہے بلکہ اسے وقف کرنے والوں کے حق میں زیادہ نفع بخش بنانے کی صورتیں بھی تجویز کرتاہے۔ اب ان صدقات جاریہ کی آمدنی کو تسلسل دینے کی یہ صورت اختیار کی گئی ہے کہ اس کو وقتی مصارف میں استعمال کرنے کے بجائے، واقف کی شرائط کے مطابق ایسے دیرپانفع بخش یا تعمیری و ترقیاتی منصوبوں میں لگایا جاتاہے جو خود قائم رہنے والے ہوں، چنانچہ بہت سے دیگر تعمیری منصوبوں کے ساتھ ساتھ جامعہ دارالعلوم کراچی کی عظیم الشان لائبریری کی عمارت کی تعمیر نیز اس کی الماریوں کی خریداری اور اساتذۂ کرام کے لئے رہائشی مکانات کی تعمیر میں بھی اس شعبہ کی بہت خطیر رقم استعمال ہوئی ہے اوراس طرح دارالعلوم کے نام جائیدادیں وقف کرنے والوں کا ثواب انشاء اللہ دو چند ہوگیا ہے۔